پشاور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کی توڑ پھوڑ میں ملوث پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے سمیت 23 ملزمان کی مقدمے کی سماعت ہوئی، سماعت اے ٹی سی جج جہانزیب شنواری نے کی۔
عدالت نے سابق ایم این اے ساجد مہمند سمیت تمام 23 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا، جس کے بعد عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہان بھی طلب کر لئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے 9 مئی کو ضلع مہمند میں غلنئی روڈ ٹریفک کیلئے بند کیا تھا، ملزمان نے سکیورٹی فورسز اور دیگر قومی اداروں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کیں، ملزمان کے خلاف تھانہ غلنئی میں مقدمہ درج ہے۔
پشاور پولیس نے تحقیقات مکمل کر کے چالان عدالت میں جمع کرا دیا، تمام ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کر کے مزید سماعت 4 دسمبرتک ملتوی کر دی۔