راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس دے دی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جج جسٹس صداقت علی خان نے رہنما تحریک انصاف پرویز الہٰی کی جیل میں بی کلاس سمیت تمام سہولتیں دینے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
چودھری پرویز الہٰی کی طرف سے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔
دوران سماعت سیکرٹری داخلہ پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی طرف سے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی گئی۔
رپورٹ میں سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کو ہائیکورٹ کے حکم پر بی کلاس سمیت تمام سہولتیں دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
دوران سماعت وکیل سردار عبدالرازق خان نے عدالت کو بتایا کہ پرویز الہٰی کو جیل میں بی کلاس کی سہولتیں فراہم کر دی گئی ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ پرویز الہٰی کو گھر کے کھانے اور فیملی سے ہفتے میں دو دفعہ ملاقات کی اجازت دی جائے۔
جسٹس صداقت علی خان نے کہا کہ پرویز الہٰی کو گھر کے کھانے اور فیملی سے 2 بار ملاقات کی اجازت ہوگی۔
بعدازاں عدالت نے پرویز الہٰی کی بی کلاس سمیت تمام سہولتیں دینے کی حکومت پنجاب کی یقین دہانی کے بعد رٹ پٹیشن کو نمٹا دیا۔