حیدر آباد: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر انیس قائم خانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 15 سال سے حکمران جماعت، شہر کے شہر تباہ کر دیئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انیس قائم خانی نے کہا کہ آج کی ایم کیو ایم مضبوط جماعت ہے، 2024ء کے الیکشن میں چاروں ایم پی ایز اور دونوں ایم این ایز کی سیٹیں ایم کیو ایم جیتے گی۔
انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کے اختیارات کا سب کو علم ہے، کراچی و حیدرآباد سے وفاق کو سب سے زیادہ ٹیکس دیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغان ٹرانزٹ کے نام پر جو ہو رہا ہے وہ نہیں ہونا چاہیے، ایم کیو ایم
انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم میں تین ترامیم کی جائیں، میئر کے محکمے لکھے جائیں، فنڈز ایک ہزار ارب سے زیادہ جو وزیر اعلیٰ کو ملتے ہیں اس میں ترمیم ہو کہ پیسے شہروں میں تقسیم ہو کر وہاں جائیں، تیسری ترمیم یہ کہ جب تک بلدیاتی الیکشن نہ ہوں جنرل الیکشن بھی نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ اسی صورت میں دینگے جب تین آئینی ترامیم ہونگی، ان تین ترامیم کا مسودہ جلد آپ کے ہاتھوں میں ہوگا، حکمران جماعت نے کراچی، حیدرآباد کا حال بھی لاڑکانہ جیسا بنا دیا، اب ان کے چئیرمین کو بھی ایم کیو ایم کی یاد آ رہی ہے۔
انیس قائم خانی نے کہا کہ 2016ء کے بعد انہیں لگا ایم کیو ایم ٹوٹ رہی ہے، 2023ء میں سارے اختلافات بھلا کر ہم ایک ہوگئے، کراچی کے جلسے سب نے دیکھ لیے، حیدرآباد میں جلسہ ہو یا نہ ہو یہ ہمارا شہر ہے۔