لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹے مقدمات میں بے گناہی شہبازشریف کے صبر کا انعام ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں شہبازشریف کی بریت پر اظہار تشکر کیا، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے شہبازشریف کو جھوٹے مقدمے میں عزت سے سرخرو فرمایا، شہبازشریف کی بے گناہی پر پورے پاکستان، پارٹی قیادت اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: آشیانہ ریفرنس میں بڑی پیشرفت، شہباز شریف ،احد چیمہ سمیت تمام ملزمان بری
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہبازشریف کو سیاسی انتقام کی خاطر اس جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا تھا، شہبازشریف کو بے گناہ ہونے کے باوجود جیل اور عقوبت خانوں میں بند رکھا گیا، صاف پانی میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔
ن لیگ کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ الحمدللہ عوام کو پتہ چل رہا ہے کہ کس طرح شہبازشریف کو گرفتار کرنے کے لئے جھوٹے مقدمات بنائے گئے، جھوٹے مقدمات بنا کر ملک اور عوام کا وقت اور پیسہ ضائع کیا گیا، احتساب کے نام پر انتقام لیا گیا، شہبازشریف نے پنجاب کی خدمت کی اور ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ سادہ اکثریت سے حکومت بنائے گی : رانا ثنااللہ
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ملک اور برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی سمیت ہر عدالت سے شہبازشریف کی بے گناہی کی گواہی آئی، وزیراعظم ہاؤس میں بیرونِ ملک سے صحافیوں کو بلا کر، چیئرمین نیب کو بلیک میل کر کے جھوٹے مقدمے بنائے گئے تھے، جھوٹے مقدمے بنا کر تہمتیں اور الزامات لگائے گئے۔