اسلام آباد: (دنیا نیوز) سائفر کیس میں فرد جرم کی کارروائی کے خلاف کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان نے سپریم کورٹ سے التوا کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
سائفر کیس میں فرد جرم کی کارروائی کے خلاف کیس کی سماعت جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کی۔
دوران سماعت وکیل حامد خان نے کہا کہ کل اسلام آباد ہائیکورٹ کا ایک فیصلہ آیا ہے، کل کے فیصلے کا جائزہ لے کر اس کی روشنی میں درخواست میں کچھ ترمیم کرنا چاہتا ہوں۔
اس پر جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا تو نیا آرڈر آیا ہے، جس آرڈر کے خلاف آپ کی یہ اپیل ہے اسے ہم ابھی بھی سن سکتے ہیں۔
جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ ہائیکورٹ فیصلے کے خلاف آپ نئی اپیل بھی دائر کرسکتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کا کیس اپنی باری پر سنا جائے گا۔
وکیل حامد خان نے استدعا کی کہ ہائیکورٹ کے انٹرا کورٹ اپیل کے فیصلے کا جائزہ لینے کیلئے التوا دے دیں، جس پر عدالت نے حامد خان کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔