انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کروانے کی پی ٹی آئی درخواست پرالیکشن کمیشن کونوٹس

Published On 27 November,2023 12:39 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے عام انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کروانے کے لئے پی ٹی آئی کی دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے عام انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کروانے کے لئے دائر درخواست پر سماعت جسٹس شکیل احمد اور جسٹس وقار احمد نے کی ، ایڈووکیٹ جنرل اور درخواست گزار وکیل عدالت میں پیش ہوئے ۔

درخواست گزارکے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدلیہ کی نگرانی میں انتخابات کرانے کے لئے درخواست دائر کی ، آرٹیکل 218 (3) کے تحت صاف شفاف وغیر جانبدارالیکشن کرانا لازمی ہیں۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ گورنر، نگران صوبائی حکومت متنازع ہوچکی ہے ، پی ٹی آئی کو انتخابی مہم کی اجازت نہیں ہے، پارٹی کی مرکزی، صوبائی اور نچلی سطح کی قیادت گرفتارہے اورانہیں مقدمات کا سامنا ہے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کردی ۔