اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے بنوں میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی۔
نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے خودکش حملے میں دو شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، زخمی سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔
سرفرازاحمد بگٹی نے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملے کرنے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
نگران وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام اپنے فوجی جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پوری قوم یکسو ہے، پاک سرزمین سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔