سینیٹ اجلاس: یوم انسانیت اور سماجی کارکنوں کے تحفظ کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

Published On 27 November,2023 06:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ میں یوم انسانیت اور سماجی کارکنوں کے تحفظ کیلئے قرارداد متفقہ طورپر منظور کر لی گئی۔

سینیٹ اجلاس میں قرارداد پی ٹی آئی کی سینیٹر ثانیہ نشتر نے پیش کی، قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان انسانی زندگیوں کے تحفظ اور انسانیت کی مشکلات کم کرنے اور بے لوث خدمت کو تسلیم کرتا ہے، انسانیت کی خدمت میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ایوان گزشتہ سال سیلاب کے بعد عالمی برادری کی امداد کو خصوصی طور پر سراہتا ہے، سینیٹ سماجی کارکنوں پرتشدد اور خطرات سے عدم حفاظت پر خدشے کا اظہار کرتا ہے، گزشتہ برس سماجی کارکنوں پر235 حملے کئے گئے۔

ایوان بالا میں پیش کی گئی قرارداد میں استدعا کی گئی انسانیت کے لئے کام کرنے والے کارکنوں کی بہتر سکیورٹی کے لئے اقدامات میں اضافہ کیا جائے۔