معاملات میں مبینہ مداخلت: پاکستان بار کونسل کا سندھ ہائیکورٹ کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

Published On 27 November,2023 06:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان بار کے اندرونی معاملات میں سندھ ہائیکورٹ کی مبینہ مداخلت کے معاملہ پر پاکستان بار کونسل نے چیف جسٹس پاکستان سے سندھ ہائیکورٹ کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

پاکستان بار کونسل نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان تحقیقات کے بعد سندھ ہائیکورٹ کیخلاف مناسب کارروائی کریں، مشاہدے میں آیا ہے کہ پاکستان بار کے فیصلوں کیخلاف سندھ ہائیکورٹ مقدمات سن رہی ہے، سندھ ہائیکورٹ سمیت کوئی صوبائی ہائیکورٹ پاکستان بار کونسل کے فیصلوں کا جائزہ نہیں لے سکتی۔

جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا پاکستان بار کونسل وکلاء کے امور سے متعلق ایک قانونی ادارہ ہے، پاکستان بار کونسل کے فیصلوں کا صرف اسلام آباد کی عدالتیں جائزہ لے سکتی ہیں، پاکستان بار کونسل اور اس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے فیصلوں کو قانونی تحفظ حاصل ہے۔

پاکستان بار کونسل نے مزید کہا کہ من پسند افراد کو نوازنے کیلئے سندھ ہائیکورٹ غیر قانونی طریقے سے مقدمات سن رہی ہے۔