کراچی: (دنیا نیوز) رہنما ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہماری تجویز کردہ 26 ویں آئینی ترمیم پاکستان کو مشکلات کے گرداب سے نکال دے گی۔
ڈاکٹرفاروق ستار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ایسا پلان دے رہے ہیں جس میں پاکستان کے تمام بحرانوں کا حل ہے، گزشتہ کئی دہائیوں میں پاکستان میں موجود سیاسی جماعتوں نے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رکھا تھا، ہمیں ایک مضبوط مرکز کا کہہ کر سیاست کی جاتی رہی مگر مسائل حل نہ ہوئے، گزشتہ پندرہ برس سے صوبائی خودمختاری کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا جارہا ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ جب تک عوام کو بااختیار نہیں کیا جائے گا مسائل جوں کے توں رہیں گے، بلدیاتی اور مقامی حکومتوں کو بااختیار اور باوسائل کرنے میں ہی پاکستان کی بقاء اور خوشحالی ہے، اب وہ وقت آگیا ہے کہ مضبوط وفاق اور مضبوط صوبوں کے بجائے مضبوط اضلاع اور مضبوط شہر بنائے جائیں۔
ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ ملک کی معیشت اور ترقی کا حب یہی شہر اور اضلاع ہیں، ہمارا تجویز کردہ بل اختیارات اور وسائل کے ساتھ ساتھ مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ بھی فراہم کر رہا ہے۔