کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے کہا کہ اب دوہرا معیار نہیں چلے گا، ہمیں اپنے حقوق اور مقامی خود مختاری چاہئے۔
ایم کیوایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے کورنگی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر یوسی سے آنے والے کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، حق پرستوں کا مان ایم کیو ایم پاکستان ہے، ایم کیو ایم پاکستان کا مان کورنگی ٹاؤن ہے، یہ صرف اور صرف خالصتاً کورنگی ٹاؤن کا جلسہ ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ مہنگائی ساتویں آسمان پر پہنچ چکی ہے، غربت ہر گھر میں بسیرا کررہی ہے، پانی نایاب ہوگیا ہے، بجلی کا بحران الگ قیامت برپا کررہا ہے، سٹریٹ کرائم اب سپیڈ کرائم ہو رہے ہیں، سٹریٹ کرائم میں کراچی کے لوگ جاں بحق ہورہے ہیں، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے پرچے آؤٹ ہورہے ہیں۔
سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم نے کہا کہ جنگل کا بھی ایک قانون ہوتا ہے، یہ تو جنگل سے بھی بدتر قانون ہے، ہمیں 50 سال سے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا تھا، صوبوں نے شہروں اور بلدیات کے اختیارات بھی غصب کر لئے، پچھلے پندرہ سالوں میں کراچی کو تباہ کردیا گیا۔
فاروق ستار نے مزید کہا کہ مضبوط کراچی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے، ہمارا نعرہ ہے بلدیات کو اختیارات دیں، مؤثر بلدیاتی نظام قائم ہونا چاہئے، اب ہمیں اپنے حقوق، مقامی خودمختاری چاہئے، ہمیں اپنے نوجوانوں کا آگے بڑھنے کا موقع دینا ہے۔
ایم کیو کے کنوینر نے کہا کہ یہ 5 فیصد ووٹ لیکر اترا رہے ہیں، ان کا شو بھی 8 فروری کو ختم ہوجائے گا، بلدیاتی انتخابات ایم کیو ایم کے مطالبے پر دوبارہ ہوں گے، اب ہمارے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک ختم ہونا چاہئے، اب یہ دوہرا معیار اور دو عملی نہیں چلے گی۔