کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے میئرکراچی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کر دیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سٹی کونسل کے اجلاس کو چلانے کی پوری کوشش کی لیکن پیپلز پارٹی میئر کا رویہ قوم کے سامنے ہے، اجلاس میں تعاون کیا کہ کارروائی چلے، شہر کے مسائل حل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کےالیکٹرک کراچی دشمن ادارہ ہے، میونسپلٹی ٹیکس کےالیکٹرک کے بلوں میں وصول کرنا کراچی سے دشمنی ہے، کراچی کےعوام پر مظالم برداشت نہیں کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کونسل میں حکومتی قرارداد پر رائے شماری کے بغیر اسے کثرت رائے سے منظور قرار دے دیا گیا، فسطائیت اور وڈیرانہ سوچ کے ساتھ مزید نہیں چل سکتے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے قبضہ میئر کراچی کو گھربھیجیں گے، کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہو گا۔