کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے سندھ کے متعدد حلقوں سے نئے چہرے انتخابی میدان میں اتارنے پر غور شروع کر دیا۔
سندھ میں انتخابی معرکے کیلئے امیدواروں کے انتخاب کا سلسلہ جاری ہے جس کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمانی بورڈ کا تیسرا اجلاس ہوا، بلاول بھٹوکی سربراہی میں پارلیمانی بورڈ کے تین روز سے اجلاس جاری ہیں جن میں قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی اسمبلی کی 130 نشستوں کیلئے امیدوار شارٹ لسٹ کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع پیپلز پارٹی کے مطابق لاڑکانہ سے حال ہی میں شامل ہونے والےعادل الطاف کو پیپلز پارٹی کی صوبائی نشست جبکہ نذیر بگھیو کو رتو ڈیرو سے قومی اسمبلی کا ٹکٹ ملنے کاامکان ہے۔
سانگھڑ سے امیدواروں کے حتمی انتخاب کو مؤخر کر دیا گیا ہے، حیدرآباد ڈویژن کے 6 اضلاع میں امیدواروں کا انتخاب تقریباََ مکمل ہو چکا ہے جبکہ کشمور جیکب آباد میں قومی و صوبائی نشستوں پر امیدواروں کی تبدیلی کا قوی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار کیلئے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کا انتخاب مکمل کر لیا گیا ہے، شکارپور، حیدرآباد اور دادو سے پیپلزپارٹی کے امیدواروں کا حتمی انتخاب نہیں ہوا جبکہ نوشہرو فیروزسے فیروز جمالی کو پیپلز پارٹی کا ٹکٹ ملنے کا امکان ہے۔