مردان: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) سابق سپیکر قومی اسمبلی و پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر کو رہا کر دیا گیا۔
اسد قیصر کو 8 دسمبر کو تین ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا، سابق سپیکر قومی اسمبلی کو 9 مئی کو مردان اور چارسدہ میں درج مقدمات میں پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے۔
واضح رہے کہ عدالتی حکم پر ڈپٹی کمشنرصوابی نے آج ہی سابق سپیکر اسد قیصر کے خلاف تھری ایم پی او واپس لیا تھا، پشاور ہائیکورٹ میں اسد قیصر کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری پر سماعت ہوئی، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر صوابی نے تھری ایم پی او واپس لینے کا حکم نامہ جاری کیا۔
یہ بھی پڑھیں: شفاف انتخابات کے بجائے الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کو کرش کرنے میں کوشاں ہے: شعیب شاہین
ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا کہ اسد قیصر کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا تھا، حکم نامے کے مطابق ملزم امن و امان میں خلل نہیں ڈالیں گے، صوبائی حکومت کی جانب سے سیاسی ایس او پیز پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے، ملزم اداروں کے خلاف مہم اور نعرے بھی نہیں لگائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے حکم نامے میں لکھا کہ ملزم اسد قیصر ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرائیں گے، اگر دوسرے کیسز میں مطلوب نہ ہوں تو ملزم کو مردان جیل سے رہا کیا جائے۔