لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی حفاظتی ضمانت کی استدعا مسترد کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے قاسم سوری کو حفاظتی ضمانت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سابق ڈپٹی سپیکر کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔
دوران سماعت پنجاب حکومت نے قاسم سوری کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات پیش کردیں، سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قاسم سوری کے خلاف دو انکوئریز اور ایک مقدمہ درج ہے۔
بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے سرکاری وکیل کی رپورٹ کی روشنی میں قاسم سوری کی درخواست نمٹا دی۔