لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوور کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اہل لاہور کو ایک اور مبارکباد، الحمد للہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوور آج ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے، کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوورکوبروقت مکمل کرنے کے لئے این ایل سی اور نیسپاک نے دن رات کام کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ صوبائی وزراء، سیکرٹریز کی ٹیمیں پراجیکٹ کی مانیٹرنگ کے لئے دن میں دو، دو بار وزٹ کرتی تھیں، سی بی ڈی نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوور پراجیکٹ پر بہت محنت کی ہے، فلائی اوور پراجیکٹ کی کامیابی میں سب نے اپنا کردار ادا کیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاک آرمی کی اراضی تھی، پراسیس طویل تھا لیکن فلائی اوور کو مکمل کرنے کے لئے ہفتوں کا کام دنوں میں کیا، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، کور کمانڈرلاہور نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوورکی تکمیل میں ہر موقع پر بھرپور سپورٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کا چلڈرن ہسپتال کا دورہ، مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے
انہوں نے کہا کہ فیروز پور روڈ، گلبرگ، کینٹ، ڈیفنس والٹن سے ملحقہ آبادیوں کو کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوورسے بہت فائدہ ہو گا، فلائی اوور کی تکمیل سے برکت مارکیٹ، گارڈن ٹاؤن سے والٹن تک سگنل فری کوریڈور بن گیا ہے، پراجیکٹ کی تکمیل سے ڈیفنس فیز 6 سے لبرٹی تک کا سفر 15 منٹ میں طے ہو گا جبکہ والٹن روڈ پر 5 منٹ میں پہنچ سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوور تین لائنز پر مشتمل ہے اور اس کی لمبائی 720 میٹر ہے، والٹن روڈ پراجیکٹ کو 31 جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا، والٹن روڈ مکمل ہونے سے عوام کو بہت ریلیف ملے گا، والٹن روڈ پر چار چارفٹ پانی رہتا تھا جس سے مسائل جنم لیتے تھے،والٹن روڈ کا ڈرینج سسٹم 9 ارب روپے سے بنایا جا رہا ہے، جس سے ملحقہ آبادیوں کو فائدہ حاصل ہو گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ سی بی ڈی اور پنجاب حکومت کی ٹیم نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوور پر بہت محنت کی اور وقت سے قبل مکمل کیا، جس پر میں سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، سی بی ڈی میں ڈپلومیٹک انکلیو بن رہا ہے، جس سے علاقہ مزید ترقی کرے گا۔