لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تھانوں کی اپ گریڈیشن سمیت گوجرانوالہ، راولپنڈی اور فیصل آباد کے سیف سٹیز کا سول ورکس 31 دسمبر تک مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت سیف سٹیز ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے گوجرانوالہ، راولپنڈی اور فیصل آباد میں سیف سٹی پراجیکٹس، تھانوں کی اپ گریڈیشن اور 17 چھوٹے شہروں میں سیف سٹی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سیف سٹی پراجیکٹس انتہائی اہمیت رکھتے ہیں، ان منصوبوں میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے، 31 دسمبر تک تینوں منصوبوں کے مرکزی ہال اور ڈیٹا سینٹر کا سول ورکس مکمل کیا جائے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تینوں پراجیکٹس کی روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹس بھی طلب کر لیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کمشنرز اور آر پی اوز باقاعدگی سے پراجیکٹس کے وزٹ کر کے ڈیلی رپورٹس پیش کریں، سول ورکس مکمل ہونے کے بعد آلات کی تنصیب کا کام جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کیا جائے، فیصل آباد میں 600، گوجرانوالہ میں 700 اور راولپنڈی میں 750 کیمرے سیف سٹی پراجیکٹس کے ساتھ منسلک ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 17 چھوٹے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ ڈی آئی سی تھری پر بھی جلد کام کا آغاز کیا جائے، پنجاب کے 737 تھانوں کی اپ گریڈیشن کے امور بھی جلد آگے بڑھائے جائیں،31 جنوری تک تھانوں کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہونا چاہیے۔