ٹریفک کے مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق، خواتین اور بچوں سمیت 8 زخمی

Published On 26 December,2023 05:59 am

منچن آباد: (دنیا نیوز) ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ٹریفک کا پہلا حادثہ شدید دھند کے باعث منچن آباد کے علاقے مین ہائی وے روڈ پر پیش آیا جہاں کار موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے درخت سے ٹکرا گئی، حادثے کی وجہ سے کار میں سوار شخص موقع پر دم توڑ گیا جبکہ اس کی بیوی اور 2 بچے شدید زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا۔

احمدپورشرقیہ کے علاقے پل صدیق آباد نوشہرہ جدید روڈ پر ہونے والا دوسرا حادثہ بھی دھند کے باعث ہوا جہاں 2 موٹر سائیکلیں ٹکرانے کے نتیجے میں 2 خواتین اور بچے سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے، حادثے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔