کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ فلسطینیوں پر مظالم ناقابل برداشت ہیں، ہماری لڑائی بہت طویل ہے، ہمیں ڈٹ کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے ایکسپو سینٹر کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام فلسطین و کشمیر اور عالم اسلام کی صورتحال پر دو روزہ انٹرنیشنل یوتھ کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ شکیل احمد اور پوری ٹیم کو شاندار کنونشن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
سراج الحق نے کہا کہ جو کام او آئی سی اور حکومت پاکستان کو کرنا چاہئے تھا وہ طلبہ تنظیم نے کیا، پاک سرزمین پر تمام تحریکی بھائیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، تحریکی بھائی جانتے ہیں کہ پاکستان خاص رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا ملک نہیں ہے، پاکستان مدینہ منورہ کے بعد کلمہ کی بنیاد پر وجود آیا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ مسلمان ایک جسد واحد کی مانند ہیں، مسلمانوں کا مستقبل روشن ہے اور اللہ کا مسلمانوں سے کیا ہوا وعدہ پورا ہونے والا ہے، پوری دنیا میں آنے والا وقت امت مسلمہ کا ہے، ان تمام بزرگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اپنی زندگی دینی نظام کے قیام کے مقصد میں وقف کردی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہماری لڑائی بہت طویل ہے، ہمیں صبر و استقامت کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا، ہماری لڑائی زندگی کے آخری لمحے تک جاری ہے، ہمارا ایمان ہے کہ اللہ کا دین نافذ ہونے والا ہے اور دین غالب ہوگا۔