اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آج فیض آباد دھرنا کمیشن میں پیش ہوا، بیان نامکمل رہا انشاءاللہ جلد مکمل ہو جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میری ناچیز رائے ہے کہ کمیشن کی کارروائی اوپن ہو، عوام کو معلوم ہونا چاہیے کہ ملک کے ساتھ 75سال کیا کھلواڑ ہواہے۔
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) January 11, 2024
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں جتنے کمیشن بنے ان کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا، ان کے نتائج بھی عوام کے سامنے نہیں آئے، وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے گناہوں کا سامنا کریں اور کفارہ ادا کریں۔
ایک اور ٹوئٹ میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر 2014 والا بانی پی ٹی آئی کا دھرنا نہ کروایا جاتا اور اس کے بعد فیض آباد دھرنے کا انتظام نہ کیا جاتا تو مجھے یقین ہے 9مئی کی ٹریجڈی کبھی نہ ہوتی۔
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) January 11, 2024
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ریاست مخالف قوتوں کی اتنی سرپرستی کی گئی کہ آخر ان قوتوں نے ریاست کے گریبان پر ہاتھ ڈالا اور ریاست کی اساس کو چیلنج کر دیا۔