عام انتخابات: مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق

Published On 13 January,2024 02:59 am

لاہور: (دنیا نیوز) عام انتخابات 2024ء کیلئے مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات طے پا گئے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی میں قومی اسمبلی کے 6 اور صوبائی اسمبلی کے 11 حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق ہوا ہے، مسلم لیگ (ن) این اے 117 شاہدرہ لاہور سے عبدالعلیم خان اور این اے 128 سے عون چودھری کی حمایت کرے گی۔

این اے 54 ٹیکسلا سے غلام سرور خان، این اے 88 خوشاب سے انجینئر گل اصغر بھگور، این اے 149 ملتان جہانگیر خان ترین اور این اے 143 چیچہ وطنی سے نعمان لنگڑیاں کے مقابلے میں بھی مسلم لیگ (ن) اپنے امیدوار کھڑے نہیں کرے گی۔

اسی طرح مسلم لیگ (ن) صوبائی اسمبلی کی 11 سیٹوں پی پی 12 راولپنڈی سے عمار صدیق خان، پی پی 24 جہلم راجہ یاور کمال، پی پی 81 خوشاب امیر حیدر سنگھا، پی پی 98 فیصل آباد اجمل چیمہ اور پی پی 106 فیصل آباد سے علی اختر کیلئے میدان کھلا چھوڑے گی۔

پی پی 149 لاہور سے عبدالعلیم خان، پی پی 180 قصور کرنل (ر) ہاشم ڈوگر، پی پی 204 ساہیوال فلک شیر لنگڑیال، پی پی 250 بہاولپور افتخار حسین گیلانی، پی پی 277 کوٹ ادو نیاز گشکوری اور پی پی 292 لیہ سے سید رفاقت گیلانی کی حمایت کی جائے گی۔