اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما اکبر ایس بابر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایک تاریخی فیصلہ سنایا ہے، یہ فیصلہ پاکستان کی جمہوریت کیلئے نئی سمت کا تعین کرے گا۔
اکبر ایس بابر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے مؤقف پر بڑی طویل جدوجہد کی، سیاسی جماعتیں جمہوریت کی بنیاد ہیں، اگر جمہوریت کی بنیاد کمزور ہوتو مضبوط عمارت قائم نہیں کی جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ پورا یقین ہے تفصیلی فیصلے سے پاکستان کی سیاست میں انٹراپارٹی الیکشن کی اہمیت سامنے آئے گی، یہ جمہوری عمل رکے گا نہیں مزید آگے بڑھے گا، تمام سیاسی جماعتوں کو اس عمل میں شامل ہونا پڑے گا، پی ٹی آئی کے ورکرز اور تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کا یہ بنیادی حق تھا۔
اکبر ایس بابر نے مزید کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کے بارے میں شعور پیدا ہوا ہے، پاکستان کو ایک تجدید نو کی ضرورت ہے، ہم چاہتے ہیں ایک ایسا نظام ہو جس میں ناامیدی نہ ہو، جھوٹ کے بڑے بڑے بت ٹوٹے ہیں، سچائی سامنے آئی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ 2011ء سے ہم نے تحریک انصاف کو ایک ادارہ بنانے کی مہم شروع کی، ہم سب تحریک انصاف کے کارکن ہیں، سپریم کورٹ میں کئی بار پوچھا گیا کہ آپ ثبوت لائیں، وہ میرے خلاف کسی قسم کا ثبوت نہیں لاسکے، کل پہلی بار تسلیم کیا کہ میں تحریک انصاف کا فاؤنڈنگ ممبر ہوں، 23 نومبر کو الیکشن کمیشن کا فیصلہ آیا اور خطرے کی گھنٹی بجی۔
اکبر ایس بابر نے مزیدکہا کہ ہمارا پہلے بھی مؤقف تھا انٹراپارٹی الیکشن ایک فراڈ ہوا ہے، تحریک انصاف کو آنے والے وقت میں شفاف الیکشن کرانے پڑیں گے، سپریم کورٹ کے سامنے پی ٹی آئی لاجواب تھی، شکوک وشبہات پھیلانا بڑا آسان ہے، ہمارا ماضی بے داغ ہے، ہم اپنے مقصد سے جڑے رہیں گے، جمہوریت کے سفر کو آگے لیکر جائیں گے۔