اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ عدلیہ کے خلاف گھٹیا اور غلیظ مہم کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے عوام کی ملکیت ہوتے ہیں، عدلیہ کے خلاف ملک میں گھٹیا اور غلیظ مہم چلائی گئی، عدلیہ مخالف مہم چلانے والوں کیخلاف آئین و قانون کے مطابق کارروائی کر رہے ہیں، عدم برداشت اور جھوٹ کے کلچر کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 19 میں آزادی اظہار رائے کے بارے میں تفصیل سے لکھا ہوا ہے۔
نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے ، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور متعلقہ ادارے اکاؤنٹس کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، کئی سو اکاؤنٹس مانیٹر کئے گئے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:تمام مفروضے اور افواہیں دم توڑ گئیں، الیکشن 8 فروری کو ہونگے: مرتضیٰ سولنگی
انہوں نے کہا کہ وضاحت سے کہہ رہا ہوں کہ ملک آئین کے تحت چل رہا ہے، آئین کے تحت ہی نگران حکومت قائم ہوئی اور اسی طرح نئی قانونی اور آئینی حکومت وجود میں آئے گی، 8 فروری کو عام انتخابات ہوں گے، آئین میں لکھا ہے ملک منتخب نمائندے چلائیں گے۔
اس موقع پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے حکام نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی اے کے پاس مواد کو بلاک کرنے کا اختیار ہے، تمام ادارے ہمیں میڈیا اور سوشل میڈیا کے حوالے سے آگاہ کرتے ہیں، ہمارے سوشل میڈیا کمپنیز کے ساتھ ہر 3 اور 6 ماہ کے درمیان اجلاس ہوتے ہیں، سوشل میڈیا سے متعلق عوامی آگاہی بہت ضروری ہے۔
بعد ازاں ایف آئی اے حکام نے پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ سائبر کرائم ونگ مکمل طور پر چوکنا ہے، سوشل میڈیا پر بہت سے اکاؤنٹس کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں، 500 سے زائد اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی ملکی سلامتی کو داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دیں گے، سوشل میڈیا پر چلائے گئے مواد کے باعث مستقبل میں شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔