ڈونلڈ بلوم اور وزیراعلیٰ بلوچستان کا فنڈ برائے بحالیٔ تاریخی و ثقافتی ورثہ منصوبے کا آغاز

Published On 23 January,2024 07:40 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے فنڈ برائے بحالیٔ تاریخی و ثقافتی ورثہ کے منصوبے کا آغاز کر دیا۔

تقریب میں مہرگڑھ کی تاریخ اور مہر گڑھ میوزیم آف بلوچستان پر روشنی ڈالی گئی، اس موقع پر ڈونلڈ بلوم کی جانب سے مہرگڑھ میوزیم بلوچستان کیلئے 3 لاکھ 20 ہزار ڈالرز کا اعلان کیا گیا۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا بلوچستان کے ثقافتی ورثے کو اہمیت دیتا ہے، بلوچستان کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنا ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔

امریکی حکومت کی جانب سے ثقافتی ورثہ سے متعلق 33 منصوبوں کیلئے 80 لاکھ ڈالر سے زائد فنڈز خرچ کئے گئے، منصوبوں میں صوبہ سندھ کے ورن دیومندر، فریئرہال، نسروانجی بلڈنگ شامل ہیں۔

یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج کے مقام مکلی کے تاریخی قبرستان میں واقع سلطان ابراہیم، امیر سلطان محمد کے مقبروں کی بحالی شامل ہے۔