بانی پی ٹی آئی کو لایا ہی معیشت تباہ کرنے کیلئے تھا : فضل الرحمان

Published On 27 January,2024 02:45 pm

کندھ کوٹ:(دنیا نیوز ) سربراہ جمعیت اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو لایا ہی معیشت تباہ کرنے کیلئے تھا۔

 سربراہ جمعیت علما اسلام نے کندھ کوٹ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکمرانوں نے خیراتی ادارے یہودیوں ،برطانیہ اور امریکیوں کے پیسے سے بنائے، ایسے لوگ بھی ملک پر مسلط کیے گئے، ماضی قریب میں ان کو دھاندلی اور ووٹ چوری کرکے لایا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جس طرح معیشت گزشتہ 5سالو ں میں تباہ ہوئی اس طرح پہلے کبھی نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی کو لایا ہی معیشت تباہ کرنے کیلئے تھا، آج کہاں گئے وہ لوگ جنہوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا ہمیں وطن عزیز میں خوشحالی چاہیے، خدارا! اس ملکی معیشت پر رحم کھاؤ۔

سربراہ جمعیت علما اسلام کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ ملک کلمے کے نام پر حاصل کیا تھا، کیاہم نے اس کلمے کا حق ادا کیا، اس کلمے کا اس قوم پر کوئی حق نہیں؟، ابھی بھی معیشت کے دشمنوں کی پشت پر امریکہ ہے، ہم نے نہ یہاں امریکہ کو چلنے دیا نہ کسی اور ملک دشمن کو چلنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے تعلقات کو خراب کرنے کی بات کی جاتی ہے، ہم نے دنیا میں امن کی بحالی میں اپنا واضح مؤقف دیا تھا، ماضی میں افغانستان کو دہشتگرد کہا گیا ہم نے انہیں مجاہد کہا، اسرائیل اور امریکہ کو انسانی حقوق کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو امریکہ سپورٹ کررہا ہے، افغانستان اور پاکستان کو دوستی کی ضرورت ہے، ساری دنیا افغانستان اور پاکستان کو لڑانے کی کوشش کررہی ہے، ہمیں داخلی طور پر امن اورنچلے طبقے کے تحفظ کا انتظام  کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب تک غزہ میں 25ہزار نہتے فلسطینی مسلمان شہید ہوچکے ہیں، ہم نے قطر میں حماس کی قیادت سے ملاقات کی اور غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے مسائل کو عالمی دنیا اور عالمی اداروں کے سامنے نہ صرف اجاگر کیا بلکہ اس مسئلہ پرکھل کر بات بھی کی ۔