اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پیر سے 8300 پر مفت ایس ایم ایس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان سید ندیم حیدر، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نگہت صدیقی اور پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے مارننگ شو میں بات کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے حکام نے کہا کہ ووٹرز 8300 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کر کے اپنے پولنگ سٹیشنز اور حلقوں کی تفصیلات معلوم کر سکتے ہیں، مذکورہ نمبر پر میسج کرتے ہی ووٹرز کو ایس ایم ایس کے ذریعے ان کی ووٹنگ کی تفصیلات بھیج دی جائیں گی۔
الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کیلئے اپنے ساتھ قومی شناختی کارڈ پولنگ سٹیشن لے کر آنا ہوگا، زائد المیعاد شناختی کارڈ یا نئے شناختی کارڈ کے ٹوکن کی رسید پر ووٹ ڈال سکتے ہیں۔