اسلام آباد(دنیا نیوز) مرکزی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا ہے کہ غربت اور بیروزگاری سے چھٹکارا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔
سابق سینیٹرکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے بینظیر انکم سپورٹ جیسا تاریخی پروگرام لانچ کیا، سی پیک منصوبے کی بنیاد آصف زرداری نے رکھی، ہم نے دہشتگردی کے خلاف پروگرام لانچ کیا تھا اور دہشتگردی کے خلاف آپریشنز کیے، دہشتگردی کے خلاف پارلیمان میں دو دن میں پلان بنایا۔
مرکزی رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہمارا منشور بہت اہمیت کا حامل ہے، ہم سائفر کی سیاست نہیں کرتے، ہمارا منشور ہے’’چنو نئی سوچ ‘‘اس وقت ملک کو نئی سوچ اور دانشمندانہ لیڈر شپ کی ضرورت ہے،ہم نے مہنگائی اور غربت کے خلاف جنگ لڑنی ہے۔
انہوں نے کہا نوجوان نسل اس وقت بہت توجہ کی مستحق ہے،اب تو سفید پوش بھی پریشان ہیں،سب کو تحفظ ،روزگار اور ہاؤسنگ فار فری پر بھی بات کروں گی،پیپلز پارٹی عوام کی فلاح اورخوشحالی پر یقین رکھتی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ اس وقت ہمارا کسان بدحال ہے، لوگ غربت کی لکیر سے نیچے جارہے ہیں، غربت اور بیروزگار ی سے چھٹکارا کیسے حاصل کرنا یہ ہمارے منشور میں موجود ہے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے تمام اقدامات بھی منشور کا حصہ ہیں، مزدور و کسانوں کیلئے وسیلہ کارڈ بنایا جا رہا ہے، سب کو برابر مواقع ملیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو پکے گھر اور مالکانہ حقوق دیئے جارہے ہیں، کامیاب ہوکر ملک میں سولر پارکس بنائے جائیں گے، ہم نے تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دینی ہے، صحت ایک نعمت ہے اور یہ آپکا حق ہے۔