آئی جی سندھ کی الیکشن ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت

Published On 29 January,2024 06:54 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے کہا کہ الیکشن ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں انتخابات 2024ء کے موقع پر پولیس سکیورٹی اقدامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ پولیس افسر علاقوں میں نکل کر سکیورٹی کے مجموعی اقدامات اور ڈپلائمنٹ انتظامات کا جائزہ لیں، ڈسٹرکٹس، زونز اور ضلعوں کے لحاظ سے مجوزہ الیکشن ہوم ورک کو حتمی شکل دیکرحالات کو مدنظر رکھتے ہوئے نافذالعمل اور غیر معمولی بنایا جائے، ماضی کے الیکشنزمیں ہونے والے واقعات کو بھی سامنے رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ رات کو منعقد سیاسی تقریبات، کارنرز میٹنگز وغیرہ کا ازخود فہرستوں کے مطابق جائزہ لیا جائے، سیاسی رہنماؤں کے اعتماد اور انکی تجاویز کی روشنی میں حفاظتی اقدامات کو غیرمعمولی بنایا جائے، کسی بھی علاقے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نوٹس میں آتے ہی فی الفور الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے۔

آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ اسلحہ کی نمائش اور ہنگامہ آرائی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز نے بالمشافہ اور بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔