لاہور: (دنیا نیوز) زمان پارک میں پولیس پر تشدد کے کیس میں رہائی کے بعد ایک اور کیس میں گرفتار ہونے والی صنم جاوید نے این اے 119 سے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کر دیا۔
تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید کی جانب سے این اے 119 سے الیکشن نہ لڑنے کے فیصلے کی تصدیق ان کی بہن فلک جاوید نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کی۔
صنم جاوید کی بہن فلک جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں بتایا کہ صنم جاوید نے حلقہ این اے 119 میں آزاد امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 119 سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں اور بھر پور انداز میں انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ صنم جاوید کو انسداد دہشتگردی عدالت نے زمان پارک پولیس آپریشن میں تشدد کے مقدمے میں ضمانت منظور ہونے کے فوری بعد شادمان میں درج ایک اور دہشت گردی مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔