کوئٹہ ، قلات ، حیدر آباد میں بارش سے سردی کی شدت بڑھ گئی

Published On 02 February,2024 07:50 pm

کوئٹہ/قلات/حیدرآباد: (دنیا نیوز ) ملک بھر میں کوئٹہ قلات سمیت مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔

صوبائی درالحکومت کوئٹہ میں بارش اور ژالہ باری سے ایک طرف سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے دوسری جانب گیس پریشر میں کمی کے باعث شہریوں کو کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، شہریوں کا کہنا ہے ان کے گھریلو امور متاثر ہو رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق قلات شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا،جس سے شہریوں کو آمدوروفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شدید سردی کے باعث شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں بھی ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ہلکی ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،یخ بستہ ہواؤں  سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ ، قلات سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔