شہر قائد میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع

Published On 03 February,2024 11:36 am

کراچی: (رطابہ عروس) شہر قائد میں آج گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے اور بارشوں کا سلسلہ 4 فروری تک جاری رہے گا۔

موسم کا احوال بتانے والوں نے کہا ہے کہ شمال مشرق سمت سے سرد ہواؤں کا راج ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

اس کے علاوہ کراچی شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کاتناسب 55 فیصد ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر میں فضا کا معیار بدستور خراب ہے، شہر میں ہوا کا معیار غیرصحت بخش ہے، ہوا میں آلودہ زرات کی مقدار 171 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی دسویں نمبر پر موجود ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بارش ہوئی تھی۔

آئی آئی چندریگر روڈ، شارع فیصل، صدر، اولڈ سٹی ایریا، ایم اے جناح روڈ، گلستان جوہر، گلشن اقبال سمیت دیگر علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا تھا۔