گوجرانوالہ:(دنیا نیوز) صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8فروری کو گوجرانوالہ والو آپ کی مہربانی ہے تکے اور پاوے بعد میں کھانا پہلے ووٹ ڈالنا۔
گوجرانوالہ میں انتخابی مہم کے حوالے سے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایک حکومت نے وزیر آباد میں ہسپتال کی تعمیر شروع کی، ہم نے وزیرآباد میں ہسپتال مکمل کرایا دل کے امراض کا سینٹر بنایا۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ اچھے منصوبے کو آگے لیکر چلنا چاہیے، گزشتہ حکومت نے نوازشریف کے ایک ایک منصوبے کو بے دردی سے ختم کیا، پی کے ایل آئی لاہور دنیا کا مایہ ناز ہسپتال ہے جو 20ارب روپے کی لاگت سے بنوایا، پورے پنجاب میں ہیپاٹائٹس سینٹر بنوائے ان کو گزشتہ حکومت نے بند کرادیئے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے نوازشریف کو 2013میں موقع دیا،2013میں کرپشن کا انڈیکس 141پوائنٹ پر تھا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن بڑھنے پر اپنی رپورٹ میں پی ٹی آئی کے چہرے کو پوری دنیا کے سامنے دکھایا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے دور میں پورے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے منصوبے بنے، نوازشریف نے منصوبوں کے ساتھ ساتھ کرپشن کے اوپر کاری ضرب لگائی، نوازشریف نے گوجرانوالہ کے ہزاروں بچوں کو لیپ ٹاپس دیئےاور گوجرانوالہ میڈیکل کالج،گجرات میں یونیورسٹی بنائی۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ شیخوپورہ ،گوجرانوالہ کی سڑک نوازشریف نے بنائی، نوازشریف نے ترقی کی ایک داستان چھوڑی، نوازشریف کی حکومت کا تختہ الٹا گیا، پھر ایک شخص کی حکومت آئی ،لوگوں نے کہا یہ تو فرشتہ ہے، مجھے بتائیں اس نے اپنے 4سالوں میں ایک اینٹ بھی لگائی؟۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دور میں کرپشن دوبارہ 140پوائنٹ پر چلی گئی، کچھ لوگ مناظرہ کا چیلنج دے رہے ہیں، آؤمناظرہ کرلو پھر پتہ چلے گا نوازشریف ملک کا معمار ہے یا کوئی اور۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میری 13پارٹیوں کی حکومت آئی، سیلاب متاثرین میں 100ارب روپے تقسیم کیے، میرے ایک سال میں کرپشن کم ہوکر 7پوائنٹ نیچے آئی۔
صدر ن لیگ مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ نوجوان قوم کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، نوجوانوں نے پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے، اللہ نے نوازشریف کو دوبارہ موقع دیا تو آپکے ہاتھ میں لیپ ٹاپس دےگا، آپ نے 8فروری کو ہیر پھیر پر نہیں شیر پر مہر لگانی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گوجرانوالہ کے لوگوں پر نوازشریف جان نچھاور کرتا ہے، اللہ نے چاہا تو گوجرانوالہ میں ارفع کریم ٹاور بنے گا، آپ لوگ پہلوان ہیں یہاں میٹروبس سروس تو بیٹھ جائے گی، ہمیں یہاں اورنج ٹرین کا انتظام کرنا پڑے گا، آپ نے 8تاریخ کو شیر پر مہر لگاکر نوازشریف کو کامیاب کرانا ہے۔
جلسہ میں مقامی پہلوانوں کی جانب سے نواز شریف اور شہباز شریف کو پہلوانی پگ پہنائی گئی اور گرزپیش کیا گیا۔