اسلام آباد:( دنیا نیوز) سینئررہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عدت میں نکاح کے کیس میں لگائےگئے الزامات غیر اخلاقی ہیں۔
عدت میں نکاح کے کیس میں فیصلے کے ردعمل پر سینئررہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ جس طرح کے فیصلے کی توقع کی جارہی تھی وہی ہوا، میں نے جج صاحب سے کہا آپ سے یہ توقع نہیں تھی،یہ ایک ایسا کیس ہے جس کا نہ سر ہے نہ پاؤں، مولوی نے کہا عون چودھری مجھے خود اٹھا کر لائے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ جج صاحب نے ابھی بھی ججمنٹ پر دستخط نہیں کیے، یہ سب کچھ غیر آئینی و غیر قانونی زبانی طور پراور سیاسی مقاصد کیلئے ہورہا ہے، قانون یہی ہے جج صاحب نے آپکو کاپی دینی ہوتی ہے اور دستخط لینا ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی پی ٹی آئی اب بھی دوسرے سیاستدانوں سے الگ ہیں، تاریخ میں پہلی بار صرف ایک پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو دیکھا گیا، ہمیں الیکشن سے آؤٹ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جوسب کے سامنے ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم اس ججمنٹ کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے، ہمیں امید ہے انصاف ملے گا، فیصلے میں جس تقریب کا ذکر کیا گیا وہ تقریب دعا کیلئے ہوئی نکاح کیلئے نہیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سزا سنانے میں ججز کو جلدی کتنی تھی سب نے دیکھا، بانی پی ٹی آئی کا ورکروں کیلئے پیغام ہے پرامن رہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے میں نے ڈیل نہیں کرنی، ڈیل کرنی ہے تو پاکستان کی ترقی کیلئے کرنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم درخواست دیں گے کہ آپ نے بشریٰ بی بی کو صرف ایک کمرے میں کیوں رکھا، بشریٰ بی بی کو گھر کے باقی کسی حصے میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی جو سراسر زیادتی کے مترادف ہے۔