پیپلز پارٹی انتخابات میں شکست کے خوف سے دہشت گردی پر اتر آئی، مصطفیٰ کمال

Published On 03 February,2024 06:57 pm

کراچی:(دنیا نیوز)مرکزی رہنما ایم کیو ایم پاکستان سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی انتخابات میں اپنی شکست کے خوف سے دہشت گردی پر اتر آئی ہے۔

انتخانی مہم کے دوران باغ جناح میں ایم کیو ایم پاکستان کے جلسہ میں گفتگو کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہمارے انتخابی کیمپوں پر حملے کیے جا رہے ہیں، گزشتہ روز ساتواں حملہ ہوا ہمارے کارکن کو شہید کیا گیا، ہماری ایف آئی آر درج نہیں کی جا رہی ہے، اگر ایف آئی آر درج ہوتی تو گزشتہ روز ایک اور ہلاکت نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، ان تمام حالات کے باوجود پیپلز پارٹی کو شکست ہوگی وہ کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے ، ہم نے اس سے برے حالات دیکھے ہیں آج کے حالات کوئی معنی نہیں رکھتے ، ہمارا اتحاد برقرار رہے گا اور کامیاب ہوگا۔

رہنما ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ آج کے اس جلسے نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، اس جلسے نے ثابت کر دیا کہ مینڈیٹ کس کے پاس ہے، 15 سال سے پیپلز پارٹی نے جو اوچھے ہتھکنڈے اپنائے اس سے تو کراچی سے کشمور تک لگتا ہے کہ اسرائیل فلسطین پر نہیں بلکہ سندھ پر بمباری کر رہا ہے ۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو برباد اوربنجر بنا دیا ہے، عوام نے مینڈیٹ ہمارے اور اتحادیوں کے حق میں دے دیا ہے ، آج قائدین پیپلزپارٹی15 سال کے بعد لاہور میں جا کر نہیں کہہ سکتے کہ ہم لاہور کو کراچی جیسا بنا دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہاں کے حالات بہت زیادہ گمبھیر ہیں، زمینوں پہ قبضے کیے جا رہے ہیں لوگوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے، میں سمجھتا ہوں ایسے ہتھکنڈے اپنا کر کوئی سمجھتا ہے کہ لوگوں کو بے وقوف بنایا جا سکتا ہے تو ایسا ممکن نہیں ہے۔