میر پور خاص: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ جو چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہ رہا ہے یہ بزدل ہے، کیا آپ کسی بزدل کا ساتھ دیں گے؟۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سنا ہے میاں صاحب بہت خوفزدہ ہیں، دوسرے ممالک میں سیاسی مخالف ایک دوسرے سے مناظرہ کرتے ہیں، آپ میرے ساتھ مناظرہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میں اپنے میر پور خاص میں موجود ہوں، خوشی ہو رہی ہے، میں آپ کا منشور لے کر پورے ملک میں انتخابی مہم چلا رہا ہوں، میں نے صوبہ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب کا دورہ کیا، آج میں اپنے میر پور خاص میں ہوں، میں آپ کے حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں، آپ اتنی ٹھنڈ اور بارش میں یہاں کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 8فروری سے قبل تھرپارکر کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے کہا کہ مجھے 2018ء کے الیکشن میں یہاں آنے کا موقع نہیں ملا، آج پہلی بار میر پور خاص میں آپ کا ساتھ مانگنے آیا ہوں، یہ وہی میر پورخاص ہے جس کی قسمت قائد عوام نے بدل کر دکھائی، میر پورخاص کے عوام شہید بینظیر بھٹو کے شانہ بشانہ کھڑے تھے۔
انہوں نے کہا کہ باقی سیاسی جماعتیں سیاست نہیں ذاتی انتقام لے رہی ہیں، باقی سیاسی جماعتیں عوام کی خدمت نہیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہی ہیں، ایک شخص خود کو ملک پر چوتھی بار مسلط کرنا چاہ رہا ہے، اس شخص کو احساس نہیں کہ چاہے پاکستان کی معیشت تباہ ہو، میاں صاحب کو پاکستان کی معیشت اور جمہوریت کا احساس نہیں، میاں صاحب نے صرف کرسی پر بیٹھنا ہے۔
— PPP (@MediaCellPPP) February 3, 2024
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم مہنگائی، بیروزگاری اور غربت کا مقابلہ کر رہے ہیں، ایک طرف شہید بینظیر بھٹو کی پیپلز پارٹی کھڑی ہے، دوسری طرف تمام پاکستان کی نام کی جماعتیں ہیں، باقی سیاسی جماعتیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہی ہیں، کوئی آپ کو مذہب، کوئی لسانیت اور کوئی فرقہ واریت کی بنا پر تقسیم کرنا چاہتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم ان کو 8 فروری کو جواب دیں گے، یہ ملک ان کی نفرت اور تقسیم کی سیاست سے تنگ آگیا ہے، آج تو واقعی بارش ہو رہی ہے، 8 فروری کو تیروں کی بارش ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی مفادات کے حصول کیلئے کراچی کو تشدد کی آگ میں نہیں دھکیلا جاسکتا: سعید غنی
انہوں نے کہا کہ یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی طرح ان کے لیے بھی دھاندلی کی جائے، وہ جانتے ہیں جنوبی پنجاب ان کے ہاتھ سے نکل گیا ہے، ان کا اپنا گھرلاہور ان کے اپنے ہاتھ سے نکل رہا ہے، تین بار وزیراعظم بننے کے باوجود ایک پیسے کا کام بھی سندھ میں نہیں کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان کا ایک نیا مطالبہ سامنے آگیا ہے، یہ نگران حکومت پر پریشر ڈال رہے ہیں، کہہ رہے ہیں رائیونڈ میں فارم 45 اور 47 پہنچائیں، یہ ابھی سے سازشیں کر رہے ہیں کہ میرپورخاص پر ڈاکہ کیسے ڈالنا ہے۔
— PPP (@MediaCellPPP) February 3, 2024
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ ان کی بھول ہے، پیپلز پارٹی کے جیالے کوئی ممی ڈیڈی نہیں ہیں، پیپلز پارٹی کے جیالے ضیاالحق اور جنرل مشرف کا مقابلہ کرتے آرہے ہیں، یہ شیر نہیں یہ بلی ہے، اس بلی کا بندوبست کرنا ہے۔