کراچی کے مختلف علاقوں میں پھر بادل برس پڑے، کہیں ہلکی کہیں تیز بارش

Published On 04 February,2024 11:30 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

شہر قائد میں سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، سکیم 33، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال اور اطراف کے علاقوں میں تیز بارش شروع ہوگئی ہے، رات کو ہونے والی بارش کا پانی بھی تاحال کئی سڑکوں پر موجود ہے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی شہر میں آج بھی پورا دن وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

اس حوالے سے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہر میں کہیں معتدل اور کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے،  5 فروری کے بعد کراچی میں صبح و رات کے وقت موسم میں خنکی رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، نشیبی علاقے زیر آب، شہریوں کو مشکلات

واضح رہے کہ گزشتہ شب بھی کراچی میں ہونے والی طوفانی بارش نے شہر قائد کو ڈبو دیا تھا۔

اورنگی ٹاؤن، گلشن معمار، بحریہ ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، لیاقت آباد، عائشہ منزل، گلشن حدید اور ناظم آباد میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے گاڑیاں سڑکوں پر خراب ہوگئیں، جس کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام رہا۔

مزید پڑھیں:کراچی میں شدید بارش سے فلائٹ آپریشن متاثر

بارش کے بعد جناح ہسپتال کے میڈیکل آئی سی یو میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی، اندھیرے سے مریضوں اور طبی عملے کو مشکلات کا سامنا رہا، شہر کے مختلف علاقے بجلی بندش کے باعث تاریکی میں ڈوب گئے۔

ادھر ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل بورڈنگ میں سیلنگ سے پانی ٹپکنے لگا، کشمیر روڈ پر پارک کی دیوار گرنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے، لائنز ایریا میں کرنٹ لگنے سے 18 سالہ نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔

طوفانی بارش کے باعث سی اے اے نے کراچی ایئرپورٹ پر الرٹ جاری کر دیا، سی اے اے نے سیسنا سمیت دیگر چھوٹے طیاروں کو اُڑان سے روک دیا۔