اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی وفد کا اپنی رہائش گاہ آمد پر خیر مقدم کیا۔
پی ٹی آئی کے وفد کی قیادت اسد قیصر نے کی جبکہ دیگر ارکان میں بیرسٹر سیف، عامر ڈوگر، عمیر نیازی اور فضل احمد خان شامل تھے، ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی، اس کے علاوہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا، پی ٹی آئی وفد نے بانی چیئرمین کا پیغام مولانا فضل الرحمان تک پہنچایا اور انتخابات میں دھاندلی کیخلاف ساتھ چلنے کی دعوت دی۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف نے عمر ایوب کو وزارتِ عظمیٰ کیلئے نامزد کر دیا
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ میں بدترین دھاندلی ہوئی، جس پر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہمیں بھی انتخابات پر تحفظات ہیں، اس دوران اسد قیصر نے سربراہ جے یو آئی سے حکومت یا اپوزیشن میں ساتھ چلنے کی خواہش کا اظہار کیا اور وزیر اعظم کے امیدوار عمر ایوب کی حمایت کرنے کی بھی درخواست کی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں میاں اسلم اقبال پی ٹی آئی کے وزیر اعلیٰ نامزد ہو گئے
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا سیاست سے کردار ختم کرنا ہو گا، اپوزیشن بھی ملکر ساتھ کریں گے، عمر ایوب ہمارے وزیر اعظم کے امیدوار ہیں امید ہے آپ تعاون کریں گے، جس پر مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کی جنرل کونسل سے مشاورت تک وقت مانگ لیا۔
حافظ حمد اللہ
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ آج موجودہ صورتحال کے تناظر میں بانی پی ٹی آئی کی طرف سے اسد قیصر کی قیادت میں وفد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے تشریف لایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 8 فروری میں ایک سیاسی منظر نامہ نظر آ رہا ہے، جے یو آئی انتخابی نتائج کو مسترد کرتی ہے، پی ٹی آئی وفد کا بھی موقف تھا کہ 8 فروری کے انتخابات شفاف نہیں ہوئے، انتخابات دھاندلی زدہ ہیں جنہیں ہم مسترد کرتے ہیں۔
بیرسٹر سیف
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت تھی دھاندلی کی بات کرنے والی جماعتوں سے ملاقات کریں، ہم نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے، جے یو آئی نے بھی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے ہیں، ایک بنیادی نقطے پر اتفاق کیا گیا الیکشن دھندلی زدہ ہیں اور غیر جانبدارنہ نہیں۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا ہے کہ عوام نے ووٹ کی صورت میں جو امانت دی اس میں خیانت کی گئی ہے، انتخابات کے نتائج کو قوم تسلیم کرتی ہے اور نہ ہی سیاسی پارٹیاں تسلیم کرتی ہیں، ہمارا اور ان کا ایک ہی موقف ہے کہ الیکشن میں دھندلی ہوئی ہے، ہفتے والے دن ہم احتجاج کریں گے۔