کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ انتشار اور سڑکوں کی بندش سے مسائل کا حل ممکن نہیں، یہ مسترد شدہ لوگ ہیں جو اپنی خفت مٹانے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام انتخابات میں مسترد لوگوں کی گمراہی والے راستے سے ہٹیں، ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالیں، اگر مسترد شدہ لوگوں کے پاس ٹھوس ثبوت ہیں تو احتجاج کی بجائے عدالتوں کارخ کریں۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے شاہراہیں بند کی ہیں وہ محض عوام کی پریشانی کو سمجھیں، اگرانہیں عوام کی پریشانی کا ذرا بھر احساس ہے تو راستے کھول دیں، اگراحتجاج ہی کرنا ہے تو راستے کھول کے سڑک کے کنارے احتجاج کریں،حکومت ان کا پرامن جمہوری حق تسلیم کرتی ہے۔
نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ امن وامان اور معمولات زندگی کو متاثر کرتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کو زیادہ دیر برداشت نہیں کیا جائے گا۔