کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان سے نومنتخب آزاد اراکین کا حکومت سازی یا کسی جماعت میں شمولیت بارے مشاورتی اجلاس ، اراکین نے ایک ساتھ کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں نومنتخب اراکین صوبائی اسمبلی ولی نورزئی، مولوی نوراللہ، لیاقت لہڑی ، بخت محمد کاکڑ، اسفندیار کاکڑ شریک ہوئے جبکہ عبدالخالق اچکزئی ویڈیولنک کے ذریعےاجلاس میں شرکت کی۔
آزاد اراکین اسمبلی کا صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مشترکہ موقف اپنانے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ عوام کےاعتماد پر پورا اترنے اور بلوچستان اسمبلی میں صوبے کے عوام کی نمائندگی کیلئے مشترکہ جدوجہد کرینگے۔
ذرائع کے مطابق آزاد اراکین اسمبلی سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت رابطے میں ہے، جے یو آئی نے بھی بعض آزاد اراکین اسمبلی سے رابطے کئے ہیں۔