کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ سوشل میڈیا پر آر اوز اور ڈی آر اوز کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے، اس طرح کی مہم دہشت گردی کے مترادف ہے۔
اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس طرح کی مہم سٹیٹ کے افسران و ملازمین کے لئے دھمکی آمیز پیغام ہے، سوشل میڈیا پر اس طرح کی مہم نہایت ہی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن افسران کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ان کے بھی خاندان اور بچے ہیں، معصوم بچوں کے سرکاری ملازم والدین کو دھمکایا جا رہا ہے، ان کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا میں جو کلچر متعارف کروایا وہ بہت ہی بھیانک اور ملک کے لئے تباہ کن ہے، اس طرح کی مہمات سے ملک دشمن عناصر کو فائدہ ہوتا ہے اور ملک کی بدنامی ہوتی ہے۔