لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے پیش نظر تمام اراکین اسمبلی کو لاہور میں ہی رکنے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کااجلاس 23 فروری کو طلب کیے جانے کا امکان ہے، مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان کو 23فروری کو اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے آگاہ کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر الیکشن کمیشن نے رات تک مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تو کل شام کو بھی پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوسکتا ہے،قیادت کی جانب سے مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی کو لاہور میں ہی رکنے کی ہدایت کردی گئی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد سمری کسی وقت بھی گورنر پنجاب کو بھجوا ئی جائے گی، حکومت پنجاب کی سمری پر گورنر پنجاب اجلاس طلب کریں گے۔
پنجاب اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نو منتخب ارکان اسمبلی کا حلف، سپیکر ،ڈپٹی سپیکر اور وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہوگا۔