پشاور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اطلاعات فیروز جمال نے بتایا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کیلئے نگران وزیراعلیٰ نے سمری گورنر کو ارسال کر دی ہے۔
نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ اجلاس طلب کرنے کی حتمی تاریخ گورنر دیں گے، گورنر ہاؤس نے باقاعدہ اجلاس بلانے کا خط وصول کر لیا ہے، ہماری جو ذمہ داری تھی اسمبلی اجلاس بلانے کی وہ آج پوری کر دی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے "دنیا نیوز" سے اسمبلی اجلاس طلب کرنے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق 29 فروری تک اسمبلی اجلاس طلب کرنا ضروری ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ آج صوبائی حکومت کی سمری موصول ہو چکی ہو گی، میں دفتر میں نہیں تھا، کل سمری دیکھ کر آگے کے معاملات طے کروں گا۔
غلام علی نے کہا کہ اسمبلی اجلاس محکمہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے طے شدہ تاریخ کے مطابق بلایا جائے گا۔