پشاور: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات امجد آفریدی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے پارٹی ووٹوں پر ڈاکہ خیبر پختونخوا میں پڑا مگر ان کی چیخیں سندھ میں سنائی دے رہی ہیں۔
امجد خان آفریدی نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی خیبرپختونخوا میں شکست پر پراسرار خاموشی اور سندھ میں احتجاج آخر ماجرا کیا ہے؟ مولانا فضل الرحمان کا بانی پی ٹی آئی سے جو معاہدہ ہوا اس کے سہولت کار کون تھے؟
صوبائی سیکرٹری اطلاعات پی پی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی والے ہی دھاندلی کی بنیاد ڈالنے والے ہیں جو اب رو رہے ہیں، آج جو لوگ مولانا صاحب کے کہنے پر تحریک چلا رہے ہیں وہ آگے چل کر خود پچھتائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان جو احتجاج کر رہے ہیں جلد ہی خاموش ہو جائیں گے، مولانا فضل الرحمان کی طرز سیاست انتہائی خراب ہو رہی ہے، ساتھ دینے والا کوئی نہیں رہے گا، مولانا فضل الرحمان بند گلی میں داخل ہوگئے ہیں جلد اپنی غلطیوں کا اعتراف کریں گے۔