کراچی: (دنیا نیوز) نامزد وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا کہ ذاتی مفاد کیلئے پیپلزپارٹی جمہوریت کو کبھی نقصان نہیں پہنچائے گی۔
نامزد وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا کہ سپیکراور ڈپٹی سپیکر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آغا سراج درانی دس سال سپیکر سندھ اسمبلی رہے، پچھلے پانچ سال نہ صرف اس اسمبلی کیلئے بلکہ ملک کے لئے بھی کٹھن تھے، آغا سراج درانی کو جیل میں ڈالا گیا لیکن انہوں نے اپنے فرائض سرانجام دیئے۔
مرادعلی شاہ نے کہا کہ آغا سراج درانی کے والد بھی سپیکر تھے یہ خود بھی سپیکر بنے، ہمیں یقین ہے نومنتخب سپیکر سینئرز سے بھی سیکھیں گے، انتھونی بھی جیالے ہیں، امید ہے اچھا کردار ادا کریں گے، پاکستان بنانے والی یہ اسمبلی ہے، سب کو پتہ ہونا چاہئے کہ سندھ پاکستان ہے۔