ہم نے ہتھیار ڈالنا نہیں سیکھا، وزارت لینے کے بجائے حق پر چلیں گے: فضل الرحمان

Published On 27 February,2024 04:45 pm

پشاور: (دنیا نیوز) سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے ہتھیار ڈالنا سیکھا نہیں، ہم وزرات کی کرسی پر براجمان ہونے کے بجائے حق کے راستے پر چلیں گے۔

سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے مجلس شوریٰ کے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی کو ہرایا گیا ہے، پہلا آئین 1973ء میں بنا جس میں ہمارے بڑوں کی کافی خدمات ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 1973ء سے لیکر اب تک ایک بھی قانون سازی اسلامی تعلیمات کے مطابق نہیں ہوئی، ہمیشہ ملک کی ترقی کا سوچا، تمام توانائی ملک کی ترقی میں خرچ کی ہے، جے یو آئی کو نہ قومیت اور نہ ہی فرقہ واریت کی سیاست کرنی ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہمارے رویوں میں کسی کے خلاف کوئی تعصب نہیں، ایک دوسرے پرجب کفرکے فتوے لگائے تو جمعیت نے اس اقدام کو غلط قرار دیا، کچھ ایسی قوتیں بھی پیدا ہوئی ہیں جو اسلحہ پر اسلام کا نفاذ کرنا چاہتی ہیں، لیکن ہم اس کے خلاف ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ہمیں بتایا جاتا ہے کہ آپ کی زندگی کو خطرہ ہے، ہم آئین اور قانون کے مطابق کام کرنا چاہتے ہیں، ملک اور آئین کی وفاداری میں ہم نے جانیں دی ہیں۔