لاہور:(دنیا نیوز)امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران چلےہوئےکارتوس ہیں معیشت ٹھیک نہیں کرسکتے۔
امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے لاہور میں تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ جتنا مرضی ان کا ساتھ دے یہ چلنےوالےنہیں، اسٹیبلشمنٹ کومشورہ دیتا ہوں ان کا ساتھ نہ دو، ایک ہی راستہ ہےاسٹیبلشمنٹ غیرجانبدارہو۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوارمیں تمام جماعتوں نےسابق آرمی چیف کوایکسٹینشن دی، جماعت اسلامی واحد جماعت جواصولوں پرکھڑی رہی، جماعت اسلامی نےاصولوں پرکھڑے رہنےپرقیمت ادا کی۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ اب ہم ان سےحساب کتاب بھی کریں گے، الیکشن مہم کے دوران انہوں نے 300یونٹ فری دینےکا اعلان کیا تھا، مارچ میں300یونٹ فری نہ ہوئےتوپھرہمارے ہاتھ ان کےگریبانوں میں ہوں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارا بیانیہ اسلام اورپاکستان ہے، یہ سب مافیازکےنمائندے ہیں ان کےگریبان اورہمارےہاتھ ہوں گے، جماعت اسلامی کےسخت لمحےگزرگئےہیں، آنےوالا وقت جماعت اسلامی کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیادت اس فرد کا نام ہے جو لوگ کو درست سمت اورامید دے، ہماری اسلامی تاریخ میں بہت سے بادشاہ گزرے جن کو کوئی قائد نہیں مانتا۔
سراج الحق نے کہا کہ ہم علامہ اقبال، مودودی کودعاؤں میں یاد رکھتے ہیں، یہ لوگ وہیں ہیں جنہوں نے لوگوں کو راستہ دکھایا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ تاریخ میں صرف وہ لوگ زندہ رہتے ہیں جو انسانیت کی خدمت کرتے ہیں، الیکشن کے وقت سے ہم گزرے ہیں، ہم نے مشکل وقت گزارا ہے آگے ہمارے لئے آسانیاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کامیابی اور ناکامی کا معیار دنیا سے مختلف ہے جو کامیابی اور نا کامی کا معیار اللّٰہ نے قرآن میں دیا ہے، ہمارے لیے وہی درست ہے، اگر آپ سے اللہ راضی ہے تو آپ کامیاب ہیں۔