لاہور ہائیکورٹ :سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے متعلق استدعا مسترد

Published On 08 March,2024 04:19 pm

لاہور:(دنیانیوز) لاہور ہائیکورٹ میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی گئی۔

سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی درخواست پر جسٹس چودھری اقبال نے  سماعت کی۔

درخواست میں پنجاب میں مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو نہ دینے سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

جسٹس چودھری اقبال نےعدالت نے مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین کا صدارتی انتخاب میں ووٹ شمار کرنے سے روکنے کی استدعا بھی مسترد کردی،عدالت کا کہنا تھا کہ پہلے فریقین کو نوٹس کرتے ہیں پھر دیکھیں گے،جواب آئے بغیر کیسے آگے بڑھ سکتے ہیں۔

بعد ازاں جسٹس چوہدری اقبال نے الیکشن کمیشن سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔