لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ شہداء کے خلاف توہین آمیز مہم ناقابل برداشت ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، شہداء کی قربانیوں کو تضحیک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت شہداء کے خلاف توہین آمیز مہم چلا رہی ہے، شہداء کے خلاف توہین آمیز مہم ناقابل برداشت ہے، ملک ہے تو سیاست ہے، سیاسی مفادات کی خاطر پاکستان مخالف مہم قابل مذمت ہے، مہم میں ملوث شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا، اکانومی کے حوالے سے وزیراعظم روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ کرتے ہیں، غریب عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنا ہے، معیشت کو درپیش مسائل فوری حل کے متقاضی ہیں، حکومتی اخراجات کم کرنا اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی جرائد نے وزیر خزانہ کی تعیناتی کو سراہا ہے، وزیراعظم نے میثاق مفاہمت کی بات کی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سیاسی تنقید کریں مگر ریڈ لائنز کراس نہیں ہونی چاہیئں، ہمیں قومی مسائل پر اکٹھا ہونا چاہیے، لوگوں کی زندگی کو آسان بنانا ہمارا مشن ہے، ہم ملک کو ڈیفالٹ نہیں ہونے دیں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ احتجاج کرنا ہے تو پاکستان میں آ کر کریں، آئی ایم ایف کی عمارت کے سامنے احتجاج کا کیا مطلب ہے؟ ہم چاہتے ہیں اتفاق اور سلوک کے ساتھ اس ملک کو آگے لیکر چلیں۔