لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا ہے کہ ہم ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑے تھے، پی ڈی ایم حکومت نے ملک بچایا۔
صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احد چیمہ نے کہا کہ حکومت کو اسٹیبلشمنٹ کی مکمل حمایت حاصل ہے، میرے ساتھ جنہوں نے جو سلوک کیا اور جیل میں ڈالا اس کا جواب وہی دیں گے۔
احد چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی مہربانی ہے انہوں نے مجھے سینیٹ کا ٹکٹ دیا، مجھے بہت افسوس ہوا ہے جو کچھ ملک میں ہوا، وقت کا پہیہ ایک جیسا نہیں رہتا لیکن قانون اپنا راستہ خود بناتا ہے، سدا اقتدار کسی کا نہیں رہتا سدا بادشاہی اللہ تعالیٰ کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شہدا پاکستان کے ہیرو، پہلے کی طرح اب بھی دہشتگردی کو شکست دینگے: احسن اقبال
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں غلطیاں سیاست دانوں کی ہیں نہ اسٹیبلشمنٹ کی، سب کی مشترکہ غلطیاں ہیں، حکومت کو سخت فیصلے کرنا ہوتے ہیں جو عوام کو پسند نہیں لیکن اب شاہ خرچیوں کا وقت نہیں ہے۔
احد چیمہ نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف دونوں میں اپنی اپنی خصوصیات ہیں، دونوں کا تقابلی جائزہ نہیں لیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے سب فیصلے کیے، نواز شریف سے متعلق جاوید لطیف کی ذاتی رائے ہے اس سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا۔
احد چیمہ نے کہا کہ یہ حکومت 5 سال پورے کرے گی، نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف کو بنانے کا فیصلہ کسی سے شیئر نہیں کیا۔