لاہور: (دنیا نیوز) گوارد پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی و دیگر نے فورسز کو شاباش دی ہے۔
پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کی ہرشکل میں مذمت کے لیے متحد ہے، ہم بطور قوم اس طرح کی گھناؤنی حرکتوں سے خوفزدہ یا مایوس ہونے سے انکار کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ تشدد کی اِن بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد ہماری قوم کے استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانا ہے، ہماری فورسز کے جوان انتہا پسند عناصر کے خلاف جواں مردی سے نبرد آزما ہیں، جی پی اے کمپلیکس پر حملے کو ناکام بنانے والے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ گوارد پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر دہشتگردوں کا حملہ سکیورٹی فورسز نے بہادری سے ناکام بنایا، دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے والے وطن عزیز کے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ بہادر فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو جنم واصل کیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، بلوچستان سے دہشت گردی کا قلع قمع کریں گے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری
گورنر سندھ کامران نے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسزکو مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشتگروں کو جہنم واصل کر کے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ملک کی سلامتی کیخلاف سازش کرنے والے دہشت گرد اسی سلوک کے مستحق ہیں، پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔